اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ شہر حلب میں پانی کی سپلائی بند کرنے کا دہشت گردوں کا اقدام غیر قانونی ہے اور اس شہر کے لوگوں کو فورا پانی فراہم کیا جائے۔ بان کی مون نے حلب میں دس دنوں سے پانی کی بندش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران شام کے ڈھائی لاکھ افراد صاف اور پینے کے پانی سے محروم رہے ہیں اور اب تک شہر حلب ميں آلودہ پانی کے استعمال کے سبب چار سو افراد مریض ہوگئے ہيں۔ اسی تناظر میں شام کی وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردگروہوں کی بربریت اور وحشیانہ کاروائیوں کے خلاف اپنی خاموشی توڑتے ہوئے ٹھوس قدم اٹھائیں۔ دوسری جانب خبری ذرائع کے مطابق لبنان میں مقیم شام کے مہاجرین کی اپنے وطن واپسی میں اضافہ ہورہا ہے۔ لبنان کےالمیادین ٹی وی چینل کے مطابق لبنان اور شام کی سرحدوں پر گذشتہ چند دنوں سے، لبنان ميں شام کے پناہ گزینوں کی وطن واپسی میں نمایاں اضافہ ہواہے۔ اور گذشتہ تین مہینوں کے دوران اس میں تیزی آئی ہے۔ واضح رہے کہ سب سے زیادہ لبنان اور اردن میں شام کے پناہ گزیں موجود ہيں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲